اسلام آباد (سب نیوز) اوورسیز پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے ویزے کم کردیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرذیشان خانزادہ نے کی۔
اوورسیز پاکستانی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے ویزے کم کردیے ہیں کیونکہ بہت سے پاکستانی بھیک مانگتے پکڑے گئے ہیں، اس لئے ویزے کے حصول کیلئے کوائف سخت کردیے گئے ہیں۔ممبر کمیٹی نے کہا یہ پاکستان کی بدنامی ہے، ایسے مسائل کو کیسے روکیں گے، جس پر حکام کا کہنا تھا کہ افسران کو شوکازکر دیا ہے، تو ممبرکمیٹی نے کہا کہ ایسے افسران کو شوکاز نہیں نوکری سے برخاست کردیں۔
حکام اوورسیز پاکستانی کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ عمرے کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں اور پھر ویزے کی میعاد ختم ہونے بعد واپس نہیں آتے، ایف آئی اے نے کہا کہ 2023 سے ڈی پورٹ ہونے والوں کی تعداد 52 ہزارہے اور دو سالوں میں 5 ہزار بھکاری الگ سے پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے ہیں۔