اسلام آباد(آئی پی ایس) ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی جانب سے عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں باقاعدہ، منظم اور سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کی گئیں۔ اس سال مویشی منڈیوں کی نیلامی سے مجموعی طور پر ریکارڈ 135.89 ملین روپے کی آمدن ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 55 فیصد سے زائد اضافہ ہے۔ یہ آمدنی ایم سی آئی کے لیے ایک بڑی مالی کامیابی ہے اور شہری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں بشمول سیکٹر I-12، سنجانی، بھارہ کہو، زیاع مسجد، سلطان فاؤنڈیشن اور جاپان روڈ پر باقاعدہ مویشی منڈیاں قائم کی گئیں۔ ان منڈیوں میں جانوروں کی صحت کی جانچ کے لیے لائیو اسٹاک کی ویٹرنری ٹیمیں، صفائی کے لیے سینیٹیشن عملہ، روشنی، پانی، پارکنگ، سیکیورٹی، علیحدہ داخلی و خارجی راستے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے سائن بورڈز کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ہر منڈی میں ڈی ایم اے کا کیمپ آفس قائم کیا گیا تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں شہری فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکیں۔ ڈی ایم اے کی انفورسمنٹ ٹیموں نے اسلام آباد میں غیر قانونی منڈیوں کے قیام کی روک تھام کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھیں اور “زیرو ٹالرنس” پالیسی پر عمل کیا۔
ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ نے اس موقع پر کہا کہ “اسلام آباد کے شہریوں کو باوقار، محفوظ اور صاف ستھری قربانی کی سہولت فراہم کرنا ڈی ایم اے کی اولین ترجیح ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر شہر کی صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، سیکیورٹی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
چیئرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایم اے نے تمام منڈیوں کی انتظامی نگرانی کے لیے سینئر افسران اور سٹاف کو تعینات کیا تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ منڈیوں سے جانور خریدیں اور صفائی، نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری میں ڈی ایم اے کا ساتھ دیں۔
