اسلام آباد،قائد اعظم یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ مافیا ایک بار پھر سر گرم ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اسلام آباد کی با اثر اور معروف سیاسی شخصیت کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کی کوشش کی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی بر وقت کارروائی سے کام فوری طور پر رکوا دیا گیا ہے جبکہ کام کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ اگر ایسی حرکت ہوئی تو یونیورسٹی انتظامیہ قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے ۔اس حوالے قائد اعظم یونیورسٹی کی ایلومنائی ایسوسی ایشن، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اور ملازمین پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کی تمام تر 1709 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی جائے۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ جس جگہ پر پہلے تجاوزات کو گرایا گیا تھا، اسی زمین پر غیر قانونی طور پر دو بارہ تعمیر کا کام جاری کروایا گیا جبکہ اس زمین پر کسی قسم کی تعمیر نہ کرنے کے حوالے سے ہائی کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں اور یہ معاملہ وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کے نوٹس میں ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تمام تر تنظیمات نے معاملے کے جلد از جلد حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے باعث سیکیورٹی ایشوز بڑھ رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی کے متعدد منصوبہ جات بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر اس امر کا اظہار کیا گیا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ کے شانہ بشانہ یونیورسٹی کی زمین کا تحفظ کریں گے اور ایک انچ زمین بھی تجاوزات کی زد میں نہیں آنے دیں گے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ، مافیا سے واگزار کروائی جائے ،جوائنٹ ایکشن کمیٹی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
پچھلی خبر
اگلی خبر
