چکوال (آئی پی ایس) فوڈ اتھارٹی چکوال نے موٹر وے پولیس کی مدد سے نیلہ کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2100 کلو باسی اور بدبودار گوشت برآمد کر لیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی دو گاڑیوں کے خلاف کی گئی جن میں مضر صحت گوشت چھپا کر لے جایا جا رہا تھا۔
ویٹنری ڈاکٹر کی جانچ کے بعد گوشت کو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 16 لاکھ 8 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
موٹر وے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں گاڑیاں اور ان میں سوار ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن کے خلاف نیلہ پولیس اسٹیشن میں فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چکوال بھر میں ناقص اور مضر صحت گوشت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اور شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔