Sunday, April 19, 2026
ہومبریکنگ نیوزآئندہ بجٹ میں پراپرٹی منافع پر ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ متوقع

آئندہ بجٹ میں پراپرٹی منافع پر ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ متوقع

اسلام آباد(سب نیوز)آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں حکومت کی جانب سے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر کیپیٹل گین ٹیکس (CGT) کی شرح میں نمایاں اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کیپیٹل گین ٹیکس کو موجودہ 15 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی شرح کا اطلاق کارپوریٹ سیکٹر پر عائد انکم ٹیکس کی شرح کے تناسب سے کیا جا سکتا ہے، تاکہ رئیل اسٹیٹ میں خرید و فروخت کے دوران حاصل ہونے والے لاکھوں روپے کے منافع پر مؤثر ٹیکس وصولی ممکن ہو سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ موجودہ نظام کے تحت پراپرٹی منافع پر ٹیکس کی کم شرح کے باعث حکومت کو خاطر خواہ ریونیو حاصل نہیں ہو رہا، جس کی وجہ سے کیپیٹل گین ٹیکس بڑھانے کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

تاہم، ایف بی آر ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ CGT میں اضافے سے رئیل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز کی رفتار میں کمی واقع ہو سکتی ہے، جو کہ مجموعی معاشی سرگرمی پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔

اس تمام صورتحال کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات بھی جاری ہیں، جن میں پاکستان کی آمدن اور اخراجات سے متعلق تفصیلی گفتگو ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، بجٹ میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 11 فیصد جبکہ اخراجات جی ڈی پی کے تناسب سے 20.3 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام آج بھی آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئلی رابطے میں رہیں گے تاکہ بجٹ کی تجاویز کو حتمی شکل دی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔