اسلام آباد(سب نیوز)نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کی سزائے موت کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ 13 مئی کو سماعت کرے گا۔
مجرم کے والد ذاکر جعفر کی بریت کے خلاف اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی جبکہ کیس میں سزا یافتہ شریک مجرمان کی اپیلوں پر بھی سماعت ہوگی۔مجرم ظاہر جعفر نے نور مقدم کو اسلام آباد میں تشدد کے بعد ذبح کرتے ہوئے سر تن سے جدا کر دیا تھا۔ٹرائل کورٹ نے ظاہر جعفر کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا، اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مجرم کی سزائے موت برقرار رکھی تھی جبکہ ظاہر جعفر نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کررکھی ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں 9 مئی مقدمات کے خلاف سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 16 مئی کو سماعت کرے گا۔فواد چوہدری نے اپنے خلاف مختلف شہروں میں درج مقدمات کو چیلنج کررکھا ہے، فواد چوہدری کا اپیل میں موقف ہے کہ ایک واقعہ کی متعدد ایف آئی آرز نہیں ہوسکتیں۔
