راولپنڈی (آئی پی ایس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے موٹروے ایم 2 سروس ایریا میں ممنوع انرجی ڈرنکس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر قانونی مشروبات برآمد کرلیں۔ چیکنگ کے دوران پان شاپ سے 48 ہزار روپے مالیت کی ممنوع انرجی ڈرنکس برآمد کی گئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ممنوعہ مشروبات کی فروخت پر پان شاپ کے مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں ممنوع انرجی ڈرنکس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں مسافروں اور شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ممنوع اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

