کیلیفورنیا (سب نیوز)بانی تحریک انقلاب پاکستان اور پاکستانی نژاد امریکی سیاستدان محمد عارف خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں ہمارے سفارتکار کو روکنے کا واقعہ پاکستان کیلئے بد نامی اور سفارتی سطح پر شرمندہ کرنے والا واقعہ ہے،حکومت کو اس عمل کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔
محمد عارف نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر احسن وگن کو امریکا میں داخلے سے روکے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملکی شرمندگی کا باعث بنتے ہیں، معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ امریکہ میں پاکستانی سفیر کو روکے جانے کے پیچھے ان کی ماضی میں کچھ سرگرمیاں ہیں،ایسے واقعات سے بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانی براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کا پہلے ہی عالمی سطح پر تشخص برباد ہو چکا ہے۔گرین پاسپورٹ کی عزت پامال ہو رہی ہے۔پاکستانیوں کو ہر طرح کی منفی سرگرمیوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ایسے واقعات ملکی نیک نامی کو مزید خراب کریں گے۔