ممبئی(سب نیوز )بھارت اور قطر کا اگلے 5 سالوں میں دوطرفہ تجارت کا حجم دگنا کرکے 28 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے اور اس حوالے سے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں اداروں رائٹرز اور انادولو ایجنسی کے مطابق یہ اعلان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان بات چیت کے بعد سامنے آیا، جو نئی دہلی کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔
وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے میں وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کا کہنا تھا کہ امیر قطر پیر کو بھارت پہنچے، جن کا نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے بھارت اور قطر کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ قطری رہنما کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی آیا ہے اور یہ امیر قطر کا بھارت کا دوسرا دورہ ہے۔اس سے قبل شیخ تمیم بن حمد الثانی نے مارچ 2015 میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کے گہرے تاریخی رشتے ہیں، کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔