مظفر آباد،پاکستان تحریک انصاف کے سردار قیوم نیازی آزاد کشمیر کے13ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے، سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے،متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری اکبر لطیف 15ووٹ حاصل کر سکے ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو آئین کے آرٹیکل 13کے تحت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں 13ویں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے رائے شماری کرائی گئی، ایوان نے کثرت رائے سے سردار عبدالقیوم نیازی کو منتخب کرلیا۔اسمبلی کے 53 میں سے 48 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ عبدالقیوم نیازی کو 33 جب کہ اپوزیشن کے امیدوار لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔ اسمبلی میں تحریک انصاف کے 32 اراکین ہیں جس کا مطلب ہے کہ عبدالقیوم نیازی کو ایک ووٹ زیادہ ملا۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان وچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔عبدالقیوم نیازی آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ ایک سے الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں اور 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے بھی رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وزیر خوراک بھی رہ چکے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔ پہلے پہل عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھے لیکن پھر ان کا نام اچانک سامنے آیا تھا۔وزیراعظم عمران خان امیدواروں کے انٹرویوز میں ان سے ماحولیات، سیاحت، معیشت، قومی و بین الاقوامی معاملات، سرحدی معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں سوالات کیے تھے۔گزشتہ روز تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے والد کی وفات کے بعد گراس روٹ لیول سے سیاست کا آغاز کیا، ان کا سیاسی کیریئر چالیس سال پر محیط ہے اور وزیراعظم پاکستان کے کشمیر کے حوالے سے بیانیئے کے بڑے حمایتیوں میں سے ہیں۔سردار عبدالقیوم کا حلقہ انتخاب کا شمار آزاد کشمیر کے پسماندہ حلقوں میں ہوتا ہے، ان کا وزیراعظم بننا خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔نومنتخب وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روایت سے ہٹ کر آزاد کشمیر میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، رول آف لا اور تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر چلیں گے، عمران خان کی کوششوں سے جو فائر بندی ہوئی ہے، اس سے کافی فرق پڑا۔انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن ہماری اپنی ہے، ہماری ریاست کے رہنے والے لوگ ہیں، کوئی مسئلہ نہیں، اپوزیشن تو ہونی چاہیے، اپوزیشن کے بغیر پارلیمان ہی نہیں ہے، اتنے بڑے قد کاٹھ کے لوگ اپوزیشن میں ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔دوسری طرف سردار تنویر الیاس نے سنیئر موسٹ وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے انسے عہدے کا حلف لیا۔
عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیرکے 13ویں وزیراعظم منتخب،سردار تنویر الیاس نے سنیئر موسٹ وزیر کا حلف اٹھا لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
