اسلام آباد،مسلم لیگ (ن)نے حکومت کے خلاف کرپشن پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے طارق فضل چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کے بعد ایک راگ الاپا جارہا ہے اور آئین شکن ہر روز الیکشن چوری کا منصوبہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات کے بعد شین سے میم نکالنے کا شور مچایا جارہا ہے۔ مسلم لیگ (ن)میں آئین و قانون اور ووٹ کو عزت دو کا ایک بیانیہ ہے۔جو لوگ مسلم لیگ (ن)سے وابستہ ہیں ان کا بیانیہ آئین و قانون کی بالا دستی کا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک پر جھوٹے، لٹیرے اور مافیاز 3 سال سے مسلط ہیں۔مخالفین جان بوجھ کر شور مچا رہے ہیں۔ انہوںنے واضح کیا کہ ووٹ کوعزت دو اورآئین کی پاسداری ہی مسلم لیگ نون کا بیانیہ ہے۔مریم اورنگزیب نے انتخابات سے متعلق کہا کہ 25 جولائی 2018 کو آر ٹی ایس بٹھایا گیا اورکشمیر انتخابات میں بھی دھاندلی کی گئی۔ حکومت کس بات کا شور کررہی ہے کہ مسلم لیگ (ن)میں کتنے بیانیہ ہیں۔ یہ تماشا اس لئے لگایا جاتا ہے کہ جولائی میں تاریخی مہنگائی ہوئی ہے اور پچھلے ماہ51 چیزیں تاریخی مہنگی ہوئیں۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے عدالت میں جاکر کہتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کرنی ہے کیوں کہ جہانگیر ترین عمران خان کی اے ٹی ایم ہے۔حکومت کے یہ تماشے اپنی نااہلی چھپانے اور مافیاز کو بچانے کے لیے کئے جاتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکمران جس وقت کشمیر فروشی کررہے تھے تو کہا گیا کہ ورلڈ کپ جیت کر آئے ہیں۔ وزیراعظم نے تقریر کی کہ کسی قسم کا ٹیکس نہیں لگے گا لیکن ملک میں مہنگائی 20 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور آٹے اور چینی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ اس کیعلاوہ ایل این جی ملکی تاریخ میں سب سے مہنگی قیمت میں خریدی گئی ہے جبکہ 16 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ہے۔ترجمان مسلم لیگ نے سوال اٹھایا کہ 35 ارب روپے جرمانہ براڈ شیٹ کیس میں لگا لیکن کوئی جواب دینے والا نہیں ہے۔4 سال عدالت میں بیان حلفی جمع نہیں کرایا اور معافی مانگ لی۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالنے کے باوجود کرپشن کا بیانیہ دفن ہوگیا۔معیشت سے متعلق مریم اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ میں جھوٹ بولا گیا، بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور آئی ایم ایف میں بھی ان کے جھوٹ کا پول کھل گیا ہوگا۔ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ فیل ہوچکا ہے اوراگر حکومت نے شرائط نہ مانیں تو اس کے نتائج ملکی معیشت پر آئیں گے۔ حکومت کی جانب سے ٹوئٹس کرکے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن)نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف کرپشن پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔17 اگست کو مسلم لیگ نون کرپشن پیپر جاری کرے گی جب میں حکومت کی 3 سالہ کارکردگی بتائی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بیورو آف اسٹیٹسکس کی جولائی کی رپورٹ بھی پیش کی۔
مسلم لیگ (ن)کاپی ٹی آئی حکومت کے خلاف کرپشن پیپر جاری کرنے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
پچھلی خبر
اگلی خبر
