نئی دہلی،بھارت کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف روتا دھوتا آئی سی سی کے پاس پہنچ گیا، پاکستان کے نجی ایونٹ کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ کردیا، گورننگ کونسل کے پاس فل ممبر ممالک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار ہی نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی نیندیں اڑادی ہیں، 6 اگست سے شیڈول ایونٹ میں شرکت کیلئے تیار غیرملکی پلیئرز کو ڈرانے دھمکانے کے بعد اب بی سی سی آئی روتا دھوتا آئی سی سی کے پاس جا پہنچا ہے، کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ وہ کشمیر پریمیئر لیگ کو کسی صورت منظور نہ کرے کیونکہ ایک مقامی ایونٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جارہا ہے جس سے اس کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہونے کا تاثر مل رہا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی کے پاس کسی بھی ڈومیسٹک ایونٹ کی منظوری کا اختیار ہی نہیں ہے، اس کی منظوری صرف وہ فل ممبر ممالک دیتے ہیں جہاں پر وہ ایونٹ کھیلا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ بی سی سی آئی پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ جو بھی پلیئر کشمیر لیگ میں حصہ لے گا وہ باغی تصور کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کشمیرپریمیئر لیگ کا افتتاحی میچ 6 اگست جبکہ فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا ۔شاہد آفریدی کی راولا کوٹ اور شعیب ملک کی میرپور ہاکس افتتاحی میچ میں مد مقابل ہونگے ، مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ مظفرآباد ٹائیگرز کو سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان کی خدمات حاصل ہیں ۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے ،کشمیر پریمیئر لیگ کے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے ایونٹ کے تمام میچز مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔
کشمیر پریمیئر لیگ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی نیندیں اڑادیں،آئی سی سی سے ایونٹ کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ کردیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
