Sunday, May 31, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانآزادکشمیرخواتین کی مخصوص نشتوں پرانتخاب، پی ٹی آئی نے3سیٹیں حاصل کرلیں

آزادکشمیرخواتین کی مخصوص نشتوں پرانتخاب، پی ٹی آئی نے3سیٹیں حاصل کرلیں

مظفر آباد،آزاد کشمیر جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص پانچ نشتوں کا انتخاب مکمل ہو گیا، پی ٹی آئی نے تین جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے مزید ایک ایک نشست اپنے نام کر لی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشتوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی تین خواتین بلا مقابلہ منتخب ہو گئی ہیں۔پی ٹی آئی کی طرف سے منتخب ہونے والی خواتین میں سے صبیحہ صدیق چودھری، امتیاز نسیم اور تقدیس گیلانی بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔پیپلزپارٹی کی نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ(ن)کی نثاراں عباسی بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی5امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر دس امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے تھے۔ پانچ خواتین امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے ۔خواتین کی تین مخصوص نشتوں کے بعد قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 29، پی پی پی 12 اور ن لیگ کے ارکان کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔ٹیکنو کریٹ ، علما ومشائخ اور سمندر پار مقیم کشمیریوں کی خصوصی 3 نشتوں پر پولنگ پیر کو ہو گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ قانون ساز اسمبلی کے ہال میں صبح آٹھ سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے آٹھ مخصوص نشستوں کیلئے بائیس امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کی نئی منتخب قانون ساز اسمبلی کا افتتاحی اجلاس منگل کو ہوگا جس میں نئے منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے چوہدری یاسین نے دو نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے، اور انہیں ایک نشست چھوڑنا پڑے گی جس پر ضمنی انتخاب ہوگا، اس طرح خواتین کی ایک اضافی سیٹ حاصل کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس مجموعی پر 11 نشستیں ہی رہیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔