کراچی (آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہوچکی، اب مایوسی کی کوئی بات نہیں رہی، پاکستان جلد کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا، اسٹاک مارکیٹ کو 100ارب روپے پر چھوڑ کر گیا تھا، جو کام 25 سالوں میں نہ ہوسکا وہ ہم نے کیا، ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، 130ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ہے، 9سال پہلے لگایا گیاتمام اسٹاک مارکیٹ کے انضمام کا پودا تناور درخت بن چکا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے، ہم نے ملکر 9 سال پہلے ایک پودا لگایا تھا جو آج ایک درخت بن چکا ہے، جو 25 سالوں میں کام نہیں ہوا وہ ملکر 11 جنوری 2016 کو کیا۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں سٹاک مارکیٹ 100 ارب ڈالر کی تھی، 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت پر لاکر کھڑا کر دیا، یہ وہ چیلنجز تھے جو پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پر لے آئے، وزیراعظم شہبازشریف اور پی ڈی ایم گورنمنٹ نے چیلنجز کو بڑی اچھی طرح ڈیل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں سیاسی عدم استحکام سے معیشت کا پہیہ روکا گیا، پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت بھرپور محنت کر رہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ شہبازشریف کی سربراہی میں ضرور آگے بڑھیں گے، مایوسی کی بات نہیں پاکستان جلد کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا، آنے والے دن اور سال ضرور بہتر ہوں گے، بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔