گوجرانوالہ،گزشتہ روز گرفتار ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ کی ضمانت منظور ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے عطا تارڑ اور گرفتار تین لیگی کارکنوں کو وزیر آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ عطا تارڑ کو گزشتہ رات علی پور چٹھہ تھانے سے گرفتار کیا تھا، ان پر پولیس اہلکاروں کی وردی پھاڑنے اور اہلکاروں کو دھمکی دینے کا الزام ہے۔ عطا تارڑ کے وکیل کی جانب سے ضمانت کی درخواست دی گئی، عدالت نے عطا تارڑ اور دیگر تین لیگی کارکنوں کی ضمانت منظور کر لی۔مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کے وکیل نے بتایا کہ علاقہ مجسٹریٹ آصف خان نے ملزمان کی ضمانت منظور کی ہے۔دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے پارٹی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کو ہتھکڑی لگا کر بکتر بند گاڑی میں پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عطا اللہ تارڑ کی گرفتاری آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے ،پاکستانی جان لیں کہ اب احتجاج کرنے پر ہتھکڑی پہنائی جائے گی، قید کیا جائے گا،عطا کو ہتھکڑی پہنا کر بکتر بند گاڑی میں دہشتگردوں کی طرح عدالت میں پیش کرنے پہ شرم آنی چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ فسطائی ذہنیت رکھنے والے حکمرانوں کے دور میں احتجاج بھی سنگین جرم بن گیا ہے ،عطا کی ہتھکڑیاں عمران صاحب کے غیرجمہوری دور کا ثبوت ہے سن لیں ووٹ چوری کے خلاف احتجاج نہیں رکے گا انشااللہ۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کی ساتھیوں سمیت ضمانت منظور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔