اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان کا پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد روس کے چیئرمین آف سٹیٹ ڈوما، وولوڈن وکٹوروچ کی دعوت پر 27 نومبر سے یکم دسمبر 2024 تک روس کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔ دورے کا مقصد پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کی پارلیمانوں اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
پارلیمانی وفد میں اراکین قومی اسمبلی شامل ہیں. دورہ کرنے والا پارلیمانی وفد اراکین قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، رانا محمد حیات خان، سید آغا رفیع اللہ اور ڈاکٹر محمد فاروق ستار پر مشتمل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد چیئرمین آف سٹیٹ ڈوما وولوڈن وکٹورو وچ کے ساتھ ملاقات کرے گا۔ اس ملاقات کے بعد روس کی سٹیٹ ڈوما اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے درمیان پارلیمانی تعاون کو بڑھانے کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ مزید برآں اسپیکر سردار ایاز صادق فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن محترمہ ویلنٹینا میٹوینکو کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں پارلیمانی وفد روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک سے بھی ملاقات کرے گا
ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقاتیں روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ریاست ڈوما کے وائس چیئرمین مسٹر الیگزینڈر باباکوف سے ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔ روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ، پارلیمانی وفد مشہور روسی تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا، جس میں روس کے ریاستی تعلیمی بولشوئی تھیٹر، کریملن وال پر گمنام سپاہی کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت، ریاستی تاریخی اور ثقافتی میوزیم-پریزرو کا دورہ “ماسکو کریملن”، ماسکو کیتھیڈرل مسجد، اور اسٹیٹ ہرمیٹیج کا دورہ شامل ہے۔