اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر جڑواں شہروں کے لیے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے 12 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد سے عامر مغل، شیر افضل مروت، شعیب شاہین، سید علی بخاری، قاضی تنویر اور ملک عامر کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی سے سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض، امیر افضل، عقیل خان، راجہ بشارت اور چوہدری اجمل صابر شامل ہیں۔
احتجاج پر اختلافات
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے رہنماؤں نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال پر کھل کر اختلاف بھی کیا ہے۔
اراکین نے شکوے کیے ہیں کہ پشاور میں ہونے والا اجلاس پنجاب کا تھا مگر پنجاب کے رہنماؤں کو نظر انداز کیا گیا، علی امین گنڈا پور نے حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کو پنجاب کے حوالے بات ہی نہیں کرنے دی۔
ارکان نے شکوہ کیا کہ پنجاب میں کیا مشکلات ہیں، احتجاج کے حوالے سے پلاننگ پر کوئی بات چیت نہیں کی گئی، کارکنوں اکٹھا کرکے اسلام آباد لے جانے میں مشکلات ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے۔