پشاور: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور مہنگائی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کی زندگی کو مشکل بنا دیا گیا ہے، یہ چاہتے ہیں اس باگ دوڑ سے پیچھے ہٹ کر لوگ گھر بیٹھ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پچھلے سوا سال سے جیل میں ہیں، عمران خان پر سارے من گھڑت مقدمات ہیں، ایک وقت تھا جب دہشتگردی کا مقدمہ چلتا تھا تو سب گھبرا جاتے تھے، پورے ملک میں اب دہشتگردی کے پرچے پی ٹی آئی پر کردیئے گئے ہیں، انہوں نے اصل دہشتگردوں اور پی ٹی آئی ورکرز میں فرق ہی ختم کردیا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، کل بنوں میں ہمارے پولیس جوانوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ہر بندے پر آپ 302کے مقدمات درج کر دیں تو اس کی اہمیت ختم ہوجاتی ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ملک انتہائی مشکلات میں گھیرا ہوا ہے، وزیر اعظم کابینہ اجلاس میں معیشت کے حوالے سے جو مرضی کہہ لیں، عام آدمی مہنگائی میں پسا ہوا ہے، ہر آدمی نفسیاتی مریض بن چکا ہے، حکومت دہشتگردی، مہنگائی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہوئی ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی اور قانونی جنگ لڑرہی ہے، ہمارا مقابلہ سیاست میں کیا جائے، عوام میں اب ان کی پذیرائی نہیں رہی، دو اڑھائی سال سے ظلم وستم چل رہا ہے، اس طرح چلتا رہا تو ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوش کے ناخن لیں ایسی ترتیب بنائیں جس سے سیاست بھی ہو اور احتجاج بھی، پرامن احتجاج ہمارا قانونی و آئینی حق بنتا ہے، آپ ایک سیاسی جدوجہدو کے ایونٹ کو گڑبڑ والا ماحول بنا رہے ہیں، پرامن احتجاج کا حق کسی بھی سیاسی جماعت کو ہے۔