Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانسموگ بے قابو، پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں، مارکیٹوں و تفریحی مقامات پر پابندیوں میں توسیع کر دی

سموگ بے قابو، پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں، مارکیٹوں و تفریحی مقامات پر پابندیوں میں توسیع کر دی

لاہور(آئی پی ایس )پنجاب حکومت نے سموگ کے پیش نظر سکولوں ، کمرشل مارکیٹوں اور پارکس سمیت تفریحی مقامات پر پابندیوں میں توسیع کردی۔محکمہ تحفظ ماحولیات نے تینوں سیکٹرز میں پابندیوں کی توسیع کا نوٹفکیشن جاری کردیا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ لاہور اور ملتان میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں ، کالجز اور سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے، تمام تر آٹ ڈور سرگرمیاں جن میں کھیل،نمائش اور فیسٹیولز پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی تاہم نماز جنازہ پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان اور لاہور میں تعمیرتی سرگرمیوں پر مکمل بین 24 نومبر تک ہوگا ، فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی ، ضلع لاہور میں فائر ورکس پر 31 جنوری تک پابندی ہوگی۔
سرکلر کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد عملہ کم کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی ، ملتان اور لاہور میں آوٹ ڈور ڈائننگ میں شام چار بجے کے بعد پابندی ہوگی، تمام ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہیوی وہیکلز کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی ، تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا ہوں گے، پنجاب کے دیگر سولہ اضلاع میں تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوام کے داخلے پر چوبیس نومبر تک پابندی ہوگی جبکہ ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثنی ہوگا ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ہے سموگ کے پیش نظر ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند رہیں گے یا آن لائن کلاسز ہوں گی، پارکس، چڑیا گھر، تاریخی مقامات ، پلے لینڈز اور عجائب گھر چوبیس نومبر تک بند رہیں گے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔