اسلام آباد:انٹیلی جینس بیورو اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں ایس سی او کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارتِ داخلہ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایس سی او اجلاس کے دوران سرینہ چوک پر ایف سی وردیوں میں ملبوس دہشتگردوں نے خودکش حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق آئی بی اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوا اور 6 دیگر کو حراست میں لیا گیا۔
نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی بی اور سی ٹی ڈی نے راولپنڈی کے گنجان آباد علاقے میں آپریشن کر کے کم و بیش 6 افراد کو حراست میں لیا جن میں سے زیادہ تر کا تعلق افغانستان سے ہے۔
انٹیلی جنس بیورو کو 14 اکتوبر کو دہشت گردوں کی جانب سے ایس سی او اجلاس کے دوران اسلام آباد میں ایک سے زائد خودکش حملے کرنے کی اطلاع ملی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان اس بار جنوبی پنجاب کا روٹ استعمال کر رہے تھے، ملزمان کا خودکش حملہ آور ساتھی نے اسلام آباد کے نواح میں ٹول پلازا کے قریب گرفتاری سے بچنے کے لیےخود کو اڑایا۔
خود کش حملہ آور کی شناخت جہانزیب عرف حسین بتائی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی ناکامی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آئی بی اور سی ٹی ڈی کو مبارک باد دی۔
یاد رہے کہ ایس سی او اجلاس میں چین، روس اور بھارت سمیت متعدد ممالک کے سربراہان و نمائندے موجود تھے۔
ایس سی او کے موقع پر بڑا خودکش حملہ ناکام بنانے کا انکشاف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔