Sunday, November 3, 2024
ہومتازہ ترینمخصوص نشستوں کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

مخصوص نشستوں کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد (آئی پی ایس) مخصوص نشستوں کے کیس کے معاملے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستوں کے کیس میں توہین عدالت کی درخواست رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے دائر کی ہے جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران کو فریق بنایا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں سے متعلق 12 جولائی 2024 کے فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے اور کمیشن ممبران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فل بینچ نے رواں برس 12 جولائی کو پارلیمنٹ کی مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر مقدمے کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا تھا، جس کے تحت قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق قرار پائی تھیں۔

آٹھ ججوں کے مقابلے میں 5 کی مخالفت سے اکثریتی فیصلہ جسٹس منصورعلی شاہ نے سنایا تھا، جس کے مطابق پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کو دینے اور پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے اسے برقرار رکھنے کے دونوں فیصلے بھی کالعدم قرار دیے گئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔