اسلام آباد: (آئی پی ایس) ایک اور عہد تمام ہو گیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج ریٹائر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج اپنے آخری دن مقدمات کی سماعت نہیں کریں گے بلکہ آج آخری دن چیمبر ورک کریں گے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سپریم کورٹ میں زیر تعمیر بنیادی حقوق کی یادگار کا افتتاح بھی آج کریں گے۔
نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا، سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کیلئے مکہ ہونے کے باعث ظہرانے اور فل کورٹ ریفرنس میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر ایک میں ہو گا، فل کورٹ ریفرنس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت سپریم کورٹ کے دیگر ججز شریک ہوں گے۔
فل کورٹ ریفرنس میں سپریم کورٹ کے وکلاء، عدالتی عملہ اور صحافی شریک ہوں گے، فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی خطاب کریں گے۔
سپریم کورٹ میں ہونے والے فل کورٹ ریفرنس سے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی بھی خطاب کریں گے جبکہ فل کورٹ ریفرنس سے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اور صدر سپریم کورٹ بار کا بھی خطاب ہو گا۔
نئے تعینات ہونیوالے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کل اپنےعہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت آصف علی زرداری نئے تعینات ہونے والے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے عہدے کا حلف لیں گے۔
عشائیہ
گزشتہ شب نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل نے عشائیے میں شرکت کی، جسٹس حسن رضوی، جسٹس عرفان سعادت بھی شریک تھے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس ارباب طاہر نے بھی عشائیے میں شرکت کی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
ایک عہد تمام! چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آج ریٹائرمنٹ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔