ہومبریکنگ نیوزحقوق مانگنے والوں سے مذاکرات لیکن بندوق تھامنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔خالد مسعود سندھو

حقوق مانگنے والوں سے مذاکرات لیکن بندوق تھامنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔خالد مسعود سندھو

لاہور (سب نیوز )پاکستان مرکزی مسلم لیگ صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بڑھتی ہوئی آگ اور شدت پسندی کو کم کرنے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر کام کرے۔ حقوق مانگنے والوں سے مذاکرات ہونے چاہیے لیکن بندوق تھامنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ دکی میں بے گناہ مزدوروں کو مارنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

فیصل آباد میں رکنیت سازی کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے، لیکن بدقسمتی سے آج کل زیادہ تر جماعتیں اقتدار کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کا حق ہے کہ وہ آئینی ترامیم کرے اور ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں۔ خالد مسعود سندھو نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ میرٹ کی بنیاد پر ملک کو بہترین قیادت فراہم کرے گی، اور عوام کی بھرپور شمولیت اس مقصد میں ایک اہم قدم ہے۔ صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو اور جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد محمد احسن تارڑ نے مختلف کیمپوں کا دورہ کیا تاکہ عوام کے ساتھ بہتر رابطہ استوار کیا جا سکے۔

رکنیت سازی کے عمل کو شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔ محمد احسن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ رکنیت سازی مہم فیصل آباد میں پوری توانائی کے ساتھ جاری ہے۔ شہر بھر میں 21 مقامات پر کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ عوام نے اس مہم میں جوش و خروش سے حصہ لیتے ہوئے پارٹی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ رکنیت سازی کیمپوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس مہم میں شامل ہو سکیں۔ 2024 کی رکنیت سازی مہم میں عوام کی بھرپور شمولیت نے پارٹی قیادت کو یقین دلایا ہے۔

میرٹ کی بنیاد پر بہترین قیادت کو سامنے لائیں گے۔محمد احسن کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی بھرپور شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پارٹی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور بہتر مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے عوامی خدمت کے اقدامات جیسے سستی روٹی، مفت طبی سہولیات اور روزگار فراہم کرنے کی بنیاد پر عوام کا بھرپور ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کے اہم رہنما ڈاکٹر ظفر اقبال چیمہ، حق نواز، انجینئر وقار عظیم، عامر بٹ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔