لاہور(آئی پی ایس ) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے وفاق کی قانون سازی کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو دوسرے خط میں فوری کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے الیکشن کمیشن کو اپنے دوسرے خط میں فوری کارروائی پر زور دیا اور الیکشن کمیشن کو انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024 کے فوری نفاذ کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بالادستی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے، انتخابات ایکٹ 2024 پر عمل درآمد میں تاخیر عوام کی مرضی کے خلاف ہے۔اسپیکر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پارلیمنٹ کی قانون سازی کا احترام کرنا چاہیے، انتخابات ایکٹ پر فوری عمل درآمد جمہوری نظام کی سالمیت کے لیے ضروری ہے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024 کے نفاذ میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ادھر سندھ اسمبلی کے اسپیکر اویس قادر شاہ نے 20 ستمبر 2024 کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا تھا۔

