اسلام آباد(آئی پی ایس )حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اقوام متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشتگرد ریاست ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیرمیں بھارتی فوج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت دھمکیوں کے بجائے ہوش کے ناخن لے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی الیکشن کا ڈرامہ چل رہا ہے، بھارت نے کینیڈا میں سکھوں کوقتل کیا جبکہ مقبوضہ کشمیرکوقبرستان بنادیا ہے، بھارت کا عالمی دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلتا جارہا ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا ڈراما رچایا جا رہا ہے، جو کشمیریوں کا الیکشن میں ٹرن آوٹ دکھا رہے ہیں وہ پہلے کی نسبت بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج تعینات ہے، 15ممالک کے ڈپلومیٹس کو بلایا گیا ہے، کشمیر میں الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے جو مبصرین موجود ہیں وہ بھی ایک ڈراما ہے، ایسے الیکشن جو ہر چند سال بعد ہوتے ہیں کشمیریوں نے کبھی اس میں حصہ نہیں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی امیدوار ہیں وہ بھارت نے پلانٹ کیے ہوئے ہیں، امیدوار کشمیریوں کے گھر جا کر کہہ رہے ہم یاسین ملک کو آزاد کرائیں گے، کشمیری ان کے لیے اپنے دروازے نہیں کھول رہے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہی ٹریٹ کیا جائے، جس طرح فلسطین میں حالات چل رہے ہیں ویسے ہی کشمیر میں ہیں، کشمیر کا لال چوک آزادی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشت گردی کشمیر میں ہورہی ہے، بابری مسجد گرا کر وہاں مندر بنایا گیا ہے، آر ایس ایس بم بنانے کی فیکٹری ہے۔
