کوئٹہ (آئی پی ایس )موسی خیل میں گیس کمپنی کے کیمپ سے اغوا کیے گئے 20مزدور رہا ہوگئے۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گیس کمپنی کے کیمپ سے صبح 20مزدوروں کو اغوا کیا تھا، مسلح افراد نے فائرنگ کے بعدگیس کمپنی کے 8بلڈوزر جلا دیے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے خدا آباد میں گھر پر فائرنگ سے 7 مزدور جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق پنجگور میں فائرنگ سے جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے شجاع آباد سے تھا اور تمام مزدور آپس میں رشتے دار تھے جو مکان کی تعمیر کے لیے وہاں موجود تھے۔دوسری طرف حکومت بلوچستان نے ضلع موسی خیل میں 20سے زائد مزدوروں کے اغوا کی اطاعات کو غیر مصدقہ قرار دے دیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ موسی خیل سے مزدوروں کے اغوا کی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں، ضلع انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز مذکورہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں۔کمشنر لورالائی کے مطابق مزدوروں کے اغوا کا کوئی ثبوت نہیں ملا، چار مزدور خوف سے چھپ گئے جنہیں تلاش کر لیا گیا ہے۔
