Friday, September 20, 2024
ہومبریکنگ نیوزلاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پولیس کا 9 مئی ملزمان کی گرفتاری کا فیصلہ

لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پولیس کا 9 مئی ملزمان کی گرفتاری کا فیصلہ


لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر پولیس حکام نے تمام ایس ایچ اوز کو 9 مئی میں ملوث بقیہ ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ممکنہ جلسے کے لیے پولیس نے اپنا لائحہ عمل تیار کرلیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملنے پر سیکیورٹی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق تمام ڈویژنل ایس پیز کریک ڈاون کی نگرانی کریں گے، جلسہ کا مقام فائنل ہونے پر حتمی سیکیورٹی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ممکنہ جلسہ کے پنڈال کے داخلی دروازوں پر کیمروں سے ریکارڈنگ کی جائے گی، داخلی دروازوں پر تعینات اہلکاروں کے پاس 9 مئی میں مطلوب ملزمان کی تصاویر اور ڈیٹا موجود ہوگا۔
دوسری جانب، لاہور جلسے سے قبل تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔ پولیس نے غازی آباد، شاہدرہ، ہربنس پورہ، ڈیفنس اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے۔
شاہدرہ میں انجینئر یاسر گیلانی کے گھر اور کزن کی فارمیسی پر چھاپہ مارا گیا جبکہ حماد اعوان کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں بھائی اور کزن کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پولیس نے صدر تحریک انصاف لاہور شیخ امتیاز کے گھر پر بھی چھاپہ مارا لیکن شیخ امتیاز گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہو سکے۔
تھانہ سطح پر فہرستیں تیار کرکے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔