اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی کا اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی لانے کیلئے خصوصی اقدامات/اسٹیشنری سمیت دیگر آئٹمز میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر لیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اسٹیشنری سمیت دیگر آئٹمز میں بڑے پیمانے پر اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا،
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات کے حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا۔
جاری سرکلر کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ملک کو درپیش مالی چیلنجز کے پیش نظر اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، عوامی پیسے کی بچت کو یقینی بنانے کے لیے سخت کفایت شعاری کے اقدامات کیے گئے ہیں، ان اقدامات کا مقصد قومی مفاد میں غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا ہے،
سیکرٹریٹ نے تمام افسران اور شعبہ جات کو کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی ۔
اسٹیشنری آئٹمز اور دیگر اشیاء کے محتاط استعمال کو یقینی بنانا ہو گا،
اسٹیشنری/دیگر اشیاء کی طلبی مہینے میں صرف ایک بار متعلقہ 20 گریڈ یا اس سے اوپر کے افسر کی اجازت سے کی جائے گی۔
جوائنٹ سیکرٹری (ایڈمن) اور ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) کو غیر ضروری اسٹیشنری کی طلبی پر 50 فیصد کٹوتی کا اختیار سونپا گیا ہے،
جاری سرکلر کے مطابق کاغذ کے دو طرفہ استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے،
اسٹیشنری کے استعمال میں کمی کے لیے کاغذ اور نوٹ شیٹ کا دونوں اطراف کا استعمال ضروری ہو گا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کو غیر استعمال شدہ سرکلر کا دوبارہ استعمال لانا ضروری قرار، ان سرکلرز کی فالتو کاپیاں، جن میں خالی جگہ ہو، ڈرافٹ تیار کرنے کیلئے استعمال کی جائیں،
آف سیٹ پیپر اور نوٹ شیٹ کا استعمال ڈرافٹ لکھنے کے لیے ممنوع ہوگا، سرکلر میں دفاتر کے ٹیلیفون کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ جن افسران کے دفتر کے ٹیلیفون پر کوئی حد مقرر نہیں ہے وہ اپنے ٹیلیفون کے استعمال کو کم سے کم کریں،
ٹیلیفون کے غیر ضروری بلوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔
ٹیلیفون کے غیر ضروری استعمال میں کمی لانے سے ممکنہ حد تک اخراجات میں کمی کی جاسکے گی،
وہ افسران جو ٹیلیفون کے استعمال کی مقررہ حد رکھتے ہیں وہ اپنے دفتر کے ٹیلیفون بلوں میں کمی لائیں،
ٹیلیفون کے بلوں میں کمی لانے سے عوامی پیسے کی بچت اور قومی مفاد کو یقینی بنایا جاسکے گا،
اسپیکر کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ان اقدامات پر سختی عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لا کر ملک کو درپیش مالی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے،