Thursday, September 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزآئینی ترامیم پر اتفاق رائے کی کوششیں: فضل الرحمان کو اختلاف کس بات پر ہے؟ بلاول سے ملاقات میں انکشاف

آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کی کوششیں: فضل الرحمان کو اختلاف کس بات پر ہے؟ بلاول سے ملاقات میں انکشاف

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چند گھنٹوں میں ہی دوبارہ ملاقات کیلئے جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جا پہنچے، بلاول نے یہ ملاقات وزیراعظم سے ملنے کے بعد کی ہے۔بلاول بھٹو وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں ان کا استقبال جے یو آئی سربراہ نے پرتپاک انداز سے کیا۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں سید خورشید شاہ، انجنیئر نوید قمر، میئر کراچی مرتضی وہاب شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالواسع، مولانا اسعد محمود، سینیٹر کامران مرتضی، میر عثمان بادینی، مولانا مصباح الدین بھی ملاقات میں شریک تھے۔لیکن اس سے قبل وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مولانا فضل الرحمان سے پہلے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اس سے پہلے بلاول بھٹو آئینی ترمیم کے معاملے پر مشاورت اور حمایت کیلئے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔دوسری ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فضل الرحمان سے ہمارا ذاتی تعلق ہے، ہم نے مولانا صاحب سے پوچھا کوئی تجویز ہے تو بتائیں، ہم نے کہا کہ مل کر بل پارلیمان پر لے آتے ہیں، کوشش ہے کہ قانون اورآئین کے مطابق قانون سازی کریں۔خورشید شاہ نے کہا کہ قانون سازی کا پارلیمان کو حق حاصل ہے، کوئی ہم سے یہ حق نہیں چھین سکتا، جو بھی بل آئے گا آئین کے مطابق ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقف ہے کہ مشاورت سے ترمیم لائیں، آج کی ملاقات اس بات کو آگے بڑھانے کیلئے تھی، امید ہے کہ مل بیٹھ کر قومی مشاورت سے عمل مکمل کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل کمیٹی میں اتفاق تھا کہ جن شقوں پر اختلاف ہے ان پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے، آج کی ملاقات میں مثبت باتیں ہوئیں، مل کر بیٹھیں گے تو قومی اتفاق رائے پیدا ہوگا، مولانا فضل الرحمان نے بھی اس کی تشکیل کے حوالے سے اتفاق کیا ہے، مولانا کا اختلاف آئینی عدالت کے طریقہ کار سے ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔