اسلام آباد (آئی پی ایس )وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اگست میں مہنگائی 9 اعشاریہ5سے 10اعشاریہ5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ستمبر میں مہنگائی مزید کم ہو کر 9 سے 10 فیصد کے درمیان متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق اگست میں مہنگائی 9اعشاریہ5سے 10اعشاریہ5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ستمبر میں مہنگائی مزید کم ہو کر 9 سے 10 فیصد کے درمیان متوقع ہے۔جولائی میں مہنگائی کی شرح 11اعشاریہ1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمدات، درآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کا رجحان ہے جبکہ اگست میں برآمدات 2اعشاریہ5 ارب سے 3اعشاریہ2 ارب ڈالرز کے درمیان متوقع ہیں۔
اگست میں درآمدات کا حجم ساڑھے 4 سے 5 ارب ڈالرز رہنے کا امکان ہے جبکہ اگست میں ہی ترسیلات زر 2اعشاریہ6 ارب سے 3اعشاریہ3 ارب ڈالرز متوقع ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق بیرونی شعبے میں استحکام سے روپیہ مستحکم ہوا ہے، ملک میں معاشی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں اور مالی سال 2025 کا آغاز مثبت اشاریوں سے ہوا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جاری کھاتوں کا خسارہ بہتر ہوا ہے، ایف بی آر ٹیکس وصولیاں بھی مقررہ ہدف سے زائد رہیں جبکہ زرعی قرضوں کے اجرا میں 24اعشاریہ8 فیصد اضافہ ہوا۔