اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما حنیف عباسی نے الزام لگایا ہے کہ آج بھی کوئی تفتیشی جیل جائے تو پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سیل سے کوکین اور ہیروئن مل جائے گی۔
قومی اسمبلی سے خطاب میں حنیف عباسی کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی کے دوست آج جیل میں سہولتوں کی عدم دستیابی کا رونا روتے ہیں، یہ کیسی جیل ہے جس میں دیسی مرغی ،ٹریڈ مل بھی ہے؟ نوے میٹر لمبی بیرک میں رہائش ہے اور اسلام آباد کے ایک خاص ہوٹل سے ناشتہ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جیل ہے اسے ماسی ویڑہ نہ بنائیں، ہم میں کوئی لوہے کا نہیں بنا ہوا،ہم نے رونا نہیں رویا تھا، ہم نے مردانہ وار جیل کاٹی ہے۔
حنیف عباسی نے الزام عائد کیا کہ آج بھی کوئی تفتیشی جیل جائے تو بانی پی ٹی آئی کے سیل سے کوکین اور ہیروئن مل جائے گی، اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کو سپلائی کا الزام ثابت ہونے پر تبدیل کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے حنیف عباسی کی یہ گفتگو اسمبلی کارروائی سے حذف کردی۔حنیف عباسی کی تقریر کے دوران پاکستان سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے شور شرابہ کیا اور ایوان میں بانی پی ٹی آئی کے حق اور مخالفت میں نعرے لگتے رہے۔شور شرابے کے دوران اسپیکر نے اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردی۔