کوئٹہ(آئی پی ایس ) ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک جب بھی ترقی کرتا ہے تو کوئی چھپا ہاتھ سرگرم ہوجاتا ہے،ناراض لوگ اور ناراضی کی بات بیرونی ایجنڈا ہے، پاکستان میں کسی کی ناراضگی کی گنجائش اب نہیں ہے،پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا، پاکستان ایک گلدستہ ہے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کریگا، وزیراعظم پاکستان کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں، ناراضگی کے نام تشدد کی اجازت نہیں، ناراضگیوں کو چھوڑ کر پاکستان کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے۔
جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، پاکستان جب بھی ٹیک آف کرتا ہے،چھپے ہاتھ پھر گرادیتے ہیں،پاکستان میں ناراض ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، پاکستان کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، اس ملک میں بہت صلاحیت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ 2017میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، ساری دنیا پاکستان کی پذیرائی کررہی تھی،2017میں 6فیصد گروتھ تھی، ہماری دنیا کی 5ویں بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی تھی، لیکن سب برباد کردیا گیا۔
