Wednesday, May 13, 2026
ہومتازہ تریناسرائیلی فوج کا ایک بار پھر پناہ گزین اسکول پر حملہ، 17فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کا ایک بار پھر پناہ گزین اسکول پر حملہ، 17فلسطینی شہید

غزہ (آئی پی ایس )اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر پناہ گزین سکول پر حملہ کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے پناہ گزین سکول پر اسرائیلی بمباری سے بچوں سمیت 17 فلسطینی شہید ہوئے اور 60 سے زیادہ شدید زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکول پر پہلے حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے مزید بم برسائے۔اسرائیلی فوج کے مطابق سکول کو فلسطینی گروپ حماس کے کمانڈ سینٹر کے طور پر جنگجووں کو چھپانے اور ہتھیار بنانے کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔حماس نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حماس، حزب اللہ کمانڈروں پر ٹارگٹڈ حملے بڑھا دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے 2 ڈرون حملے کئے گئے جس میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر سمیت 9 فلسطینی شہید ہوئے۔ادھر لبنان میں گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر علی عبد علی شہید ہوئے۔حزب اللہ نے بھی اسرائیلی اہداف کو راکٹوں اور توپوں سے نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ حملوں میں اب تک 39 ہزار 500 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔