Wednesday, January 15, 2025
ہومبریکنگ نیوزراولپنڈی: جماعت اسلامی کا دھرنا دسویں روز میں شامل، شرکاء مطالبات کےلئے ڈٹ گئے

راولپنڈی: جماعت اسلامی کا دھرنا دسویں روز میں شامل، شرکاء مطالبات کےلئے ڈٹ گئے

راولپنڈی: ملک میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 10 ویں روز میں داخل ہوگیا جبکہ شرکا مطالبات کے لیے ڈٹ گئے، اس حوالے سے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت نہ ہوسکی، امیر جماعت اسلامی نے “ بل نہ بھرو تحریک “شروع کرنے بھی عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھاری بھر کم بجلی کے بلوں سمیت دیگر 10 مطالبات منوانے کے لیے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دیے گئے دھرنے کا آج 10 واں روز ہے۔

دھرنے کے شرکاء نے نان اور حلوہ کے ساتھ ناشتہ کیا، کارکن ناشتے کے بعد تازہ دم ہیں اور کہا کہ مطالبات منوائے بغیر دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان بات چیت کے ذریعے معاملے کا حل نکالنے کے لیے ہونے والے ادوار کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

دھرنا قیادت کے مطابق حکومت مطالبات کو لے کر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی، ہمارے پاس آپشنز موجود ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ”بل نہ بھرو تحریک“ شروع کرنے بھی عندیہ دیتے ہوئے دھرنوں کا سلسلہ ملک گیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں جاری دھرنے میں آج جلسہ عام کیا جائے گا، جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا خطاب متوقع ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قوم کو ریلیف چاہیئے اس کے لیے دھرنا دیا ہے، پُرامن سیاسی مزاحمت کی تاریخ رقم کر رہے ہیں، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو مری روڈ سے آگے بڑھنے کا آپشن موجود ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔