دوحہ :حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہنیہ کی نمازجنازہ دوحہ میں ادا کردی گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی گئی ، جس کے بعد انہیں قطر کے شہر لوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔
اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے ترک وزیرِ خارجہ بھی دوحہ پہنچے جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن بھی اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے قطر میں موجود ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق اس سے قبل قطر کے دارالحکومت میں اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ پہنچا دیا گیا، اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ وسیم ابو عثمان کی فلسطینی پرچموں میں لپٹی میتیں تہران سے دوحہ ایئرپورٹ پہنچا دی گئیں۔
ان کے ساتھیوں اور رفقا کی بڑی تعداد نے اپنے ہر دلعزیز رہنما اور مجاہد کی میت کا استقبال کیا ، میت کو وصول کرنے کے لیے آنے والے حماس کے رہنما اور اہل خانہ کا ضبط قابل دید تھا، ہر چہرہ پُرعزم تھا اور باوقار طریقے سے اپنے شہید کا استقبال کیا۔
حماس سربراہ کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب تہران میں ان کی رہائش گاہ میں میزائل حملے میں شہید کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی گئی، نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی۔
اس موقع پر نومنتخب ملکی صدر پزشکیان بھی ان کے ہمراہ تھے، خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہانیہ کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد ان کی تصاویر والے پوسٹر اور فلسطینی پرچم لیے ہوئے جمع تھے۔
یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے قبل ان کے خاندان کے 70 اراکین اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے آج بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ۔
واضح رہے کہ غزہ کی جنگ کی وجہ سے پہلے ہی مشرق وسطیٰ کے خطے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے ، گزشتہ برس 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد غزہ پٹی میں اسرائیل کی بڑی فضائی اور زمینی فوجی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا۔
دوحہ : حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی نمازجنازہ اداکردی گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
