اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ تمام سوشل میڈیا کھلا ہے، فائر وال سے قابو پانا مفروضے کے سوا کچھ نہیں۔پارلیمنٹ ہا ئو س میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ فائروال سے سوشل میڈیا مواد پر قابوپانا مفروضے ہیں۔ بلاوجہ چیزوں کومتنازع بنایا جاتا ہے،تمام سوشل میڈیاکھلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو بھی دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی طرح پاکستانی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔حکومت کو زبان بندی کرنا ہوتی تو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے بجائے ٹک ٹاک اور فیس بک بند کرتی۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے پاکستانی قوانین پرعملدرآمد نہ کرنا ایشو ہے۔ ٹک ٹاک مقامی قوانین پر 95 فیصد عملدرآمد کرتا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ فیس بک مقامی قوانین پرعملدرآمد کرتی ہے، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو بھی کرنا ہوگا۔انہوں نے صحافیوں سے بات کے دوران فائروال کی تنصیب کے سوال کا واضح جواب دینے سے گریز کیا۔