Friday, October 18, 2024
ہومبریکنگ نیوزسابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاست دان شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بہت سوچ و بچار کے بعد سیاست سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں کیا اور میرا کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ارادہ نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 34 سال قبل سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا تھا، انہوں مزید کہا کہ اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیئے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا، جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کے میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذُمّہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں۔
یاد رہے کہ 12 جون کی میڈیا رپورٹ نے شفقت محمود کے ٹوئٹ پر جاری بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ شفقت محمود نے فروری 2024 میں منعقد ہونے والے اگلے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 130 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ 170 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اپریل 2022 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ان کے مارچ میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد کہیں کم تھی جس پر شفقت محمود نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ہماری تیاری نہیں تھی۔
بعدازاں 3 جون کو سابق وفاقی وزیر تعلیم اور پاکستان تحریک انصاف کے اُس وقت کے پنجاب کے صدر شفقت محمود نے صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا دعویٰ تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں 25 مئی کے آزادی مارچ کے سلسلے میں صوبے کے عوام کو متحرک کرنے میں ناکامی پر استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔