اسلام آباد(سب نیوز ) وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ایک جماعت ذاتی مفاد کیلئے اداروں کے خلاف مہم چلارہی ہے۔وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیاست کیلئے ریاست کو دا پر نہیں لگانا چاہئے، تنقید کرنے والوں کو ٹرولنگ کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے، ہم حکومت اور اپوزیشن میں رہے کبھی ریاستی اداروں کو تنقید کانشانہ نہیں بنایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے ریاستی مفاد کو قربان کرنے کی کوشش کی، پگڑیاں اچھالنے کیلئے ٹرولنگ کی طرز سیاست جمہوری نہیں، ایک سیاسی جماعت سیاستدانوں، کبھی اداروں کیخلاف ٹرولنگ کرتی ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین کو دبا میں لانے کیلئے ٹرولنگ شروع کی جاتی ہے، سیاست اور ریاست میں فرق سمجھنا چاہئے، ہماری سیاست میں اتار چڑھا ہوسکتا ہے لیکن ریاست میں نہیں، ریاست کو ہمیشہ سیاسی مفاد سے بلند رہنا چاہئے۔ وزیرمنصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ہم سی پیک کے اپ گریڈڈ ورژن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ریاست کے مفادات کے ساتھ کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔