Wednesday, December 4, 2024
ہومکھیلکاکول تربیتی کیمپ:پاکستان کرکٹ ٹیم کی آرمی کی نگرانی مشقیں

کاکول تربیتی کیمپ:پاکستان کرکٹ ٹیم کی آرمی کی نگرانی مشقیں

ایبٹ آباد( اویس لطیف )چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں کاکول کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔

فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔چیئر مین نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی۔

ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کیلیے موجودہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلیے آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول میں فزیکل ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول ایبٹ آباد میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، ٹریننگ کیمپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔انسٹرکٹرز کی جانب سے کھلاڑیوں کو مختلف قسم کی جسمانی فٹنس کی مشقیں کرائی جارہی ہیں، ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور ٹیم سپرٹ پر خصوصی طور پہ توجہ دی جارہی ہے، فزیکل ٹریننگ کیمپ کا آغاز 28 مارچ کو ہوا جو کہ 9 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے میں ہماری ٹریننگ ہو رہی ہے اور ہم اپنی ٹریننگ سے بہت مطمئن ہیں، یہاں کافی اچھا ماحول ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس ٹریننگ کا مستقبل میں ہمیں بہت فائدہ ہوگا۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے ٹرینرز بہت پروفیشنل ہیں اور ہم یہاں سے بہت اچھی ٹریننگ لے کر جائیں گے۔اسٹاف ٹرینر کا کہنا ہے کہ فزیکل ٹریننگ کیمپ میں تمام بڑے کھلاڑی موجود ہیں اور فزیکل ٹرینر ہونے کی حیثیت سے میرا یہ مقصد ہے کہ کھلاڑیوں میں قوت برداشت اور لچک کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ خیال رہے کہ آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ میں فزیکل ٹریننگ دینے کے ساتھ ساتھ ایڈونچر کورسز بھی کرائے جاتے ہیں۔ دوست ممالک سے آنے والے افسران بھی یہاں ٹریننگ حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔