ہومپاکستاناسلام آباد ہائیکورٹ ، ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کی توہین عدالت کیس میں سزا معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ ، ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کی توہین عدالت کیس میں سزا معطل

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور اسٹیشن ہاوس افسر کی سزا 7مئی تک معطل کردی
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کی انٹرا کورٹ اپیل پر حکم جاری کیا۔عدالت نے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور ایس ایچ او کی سزا بھی معطل کردی۔
عدالت نے تینوں درخواست گزاروں کی توہین عدالت کیس میں سزا کو 7 مئی تک معطل کیا اور 7 مئی کو اپیل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ہی جسٹس بابر ستار نے یکم مارچ کو سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ اور ایس ایچ او کو 2 ماہ قید کی سزا سنادی تھی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں۔
20فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو ڈپٹی کمشنر عرفان نواز کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔