اسلام آباد (سب نیوز)صدر مملکت نے دو بینکوں کی دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک فراڈ سے متاثرہ 2 صارفین کو انکی رقوم کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ بیکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹنگ کیلئے بینکنگ محتسب یہ معاملہ اسٹیٹ بینک کو پیش کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس اوپیز جاری کیے جائیں، فراڈ کرنے والوں کو بینکنگ اور مالی سہولیات نہ دی جائیں۔ واضح رہے کہ ایک بینک صارف کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہہ نمبر سے کال موصول ہوئی۔ کالر نے صارف کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا۔ صارف کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاونٹ سے 20لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے۔
دوسرے بینک صارف سے اکاونٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے تفصیلات مانگی گئیں۔ اسی بینک صارف کے اکاونٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 9 لاکھ 94 ہزار روپے نکالے گئے۔صدر مملکت نے دونوں صارفین کو بالترتیب 19 لاکھ اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
