اسلام آباد،ضلعی زکوة کمیٹی اسلام آباد کے رکن جلال الدین بچلانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے مستحقین کو بروقت زکوة تقسیم کے لیے کوشاں ہیں اور تاخیری حربوں کے دعوے بے بنیاد ہیں ۔
بدھ کو یہاں اپنے ایک بیان میں جلال بچلانی نے کہا کہ ہم نے شیڈول کے مطابق اگلی سہ ماہی کی زکوة 30 جون کو ادا کرنی ہے تاہم ہماری پوری کوشش ہے کہ زکو ةتقسیم کا مرحلہ عید سے پہلے مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں زکوة سہ ماہی بنیادوں پر کی جاتی ہے اور مارچ سے جون کی ادائیگیاں آخری مراحل ہیں ۔ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بائیو میٹرک سے تصدیق کے ذریعے زکو تقسیم کی کوشش کی ہے جس سے یہ عمل شفاف ہو جائے گا اور زکوة جیسا مقدس فریضہ انسانی ہاتھوں کی بجائے جدید ڈیجیٹل طریقے سے انجام پائے گا اور اس عمل سے شہر میں بوگس زکوة لینے والوں میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چند حلقوں کی طرف سے یہ تنقید بے بنیاد ہے کہ زکو ةکی ادائیگی تاخیر کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تو کوشش ہے کہ حق صرف حق دار تک پہنچے۔ زکوة کمیٹی کے رکن نے کہا کہ ضلع اسلام آباد میں نئی زکوة کمیٹیوں کا قیام علاقے میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر لا یا گیا ہے۔ پہلے جب زکو ةکمیٹیاں بنی تھیں اس وقت اسلام آباد کی آبادی 15 لاکھ تھی جب کہ اس وقت 22 لاکھ ہے ۔ جلال بچلانی نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے ہم جون کی زکو ةکی تقسیم کا مرحلہ عید سے قبل مکمل کردیں ۔