ہوماسلام آباداین سی او سی نے تاحال کسی شہر میں لاک ڈائون کرنے کا حکم نہیں دیا ، ڈی سی اسلام آباد

این سی او سی نے تاحال کسی شہر میں لاک ڈائون کرنے کا حکم نہیں دیا ، ڈی سی اسلام آباد

اسلام آباد ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ این سی او سی نے تاحال کسی شہر میں لاک ڈائون کرنے کا حکم نہیں دیا ، اس حوالے سے سامنے آنے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے ،اگر مثبت کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہوا تو لاک ڈائون لگایا بھی جا سکتا ہے، عید کے اوپر تمام ہوٹل، ریزوٹس اور پارک بند رہیں گے ، اگر ہمیں بھارت جیسی صورتحال سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا پڑے گا۔

بدھ کو اپنے ایک آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مختلف شہروں میں لاک ڈائون کے حوالے سے این سی او سی کا گردش کر رہا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے ، اس حوالے سے این سی او سی نے لاک ڈائون کے احکاما ت نہیں دیئے بلکہ یہ تجویز سامنے آئی تھی کہ جن شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں لاک ڈائون لگا دیا جائے ، اس تجویز پر رائے مانگی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک لاک ڈائون کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن اگر مثبت کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہوا تو لاک ڈائون لگایا بھی جا سکتا ہے ۔ حمزہ شفقات نے کہا کہ عید کے اوپر تمام ہوٹل، ریزوٹس اور پارک بند رکھنے کا وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن حقیقی ہے ، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھی اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا،لاک ڈائون کے حوالے سے فیصلہ آئندہ دو سے تین روز میں صورتحال واضح ہونے پر کیا جائے گا، تب تک عوام خود کو اس مرض سے بچانے کیلئے پوری کوشش کرے ، تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے اور تیزی سے پھیلی ہے ، جس کی وجہ سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے ، اگر ہمیں بھارت جیسی صورتحال سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا پڑے گا۔دوسری طرف اس حوالے سے سامنے آنے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ لاک ڈائون تیسری لہر سے شدید متاثر 20 شہروں میں لگایا جائے گاجو 2 سے 3 مئی2021 سے شروع ہوگا، ان شہروں راولپنڈی، اسلام آباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، حیدرآباد، پشاور، دیرلوئر، مردان، مالاکنڈ،چارسدہ،سوات،صوابی،مظفر آباد،سدھنتی، پونچھ اور باغ ے شہر شامل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔