ہومپاکستانوزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر کے وکلاء نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کو قانونی نوٹس بجھوا دیا

وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر کے وکلاء نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کو قانونی نوٹس بجھوا دیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کے وکلا ء نے سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن کو قانونی نوٹس بجھوا دیا،قانونی نوٹس ڈی فیمیشن آرڈیننس 2002کی ذیلی شق 8 کے تحت بھجوایا گیا۔قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ آپ نے 27 اپریل 2021کو شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں کسی ثبوت یا حقائق کے بغیر جھوٹ پر مبنی من گھڑت الزامات عائد کئے، ہمارے موکل ایک ایماندار، قابل احترام اور قانون پر عمل کرنے والے شہری ہیں، انہیں صدر کی جانب سے ایک قانون دان اور انسانی حقوق کے لئے شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔ ہمارے موکل کے خلاف اپوزیشن کے بعض ارکان نے نفرت اور بہتان پر مبنی میڈیا مہم شروع کر رکھی ہے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ اس نفرت انگیز مہم کا مقصد انہیں پاکستان سے کرپشن پر قابو پانے اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے میں ان کے فعال کردار کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔27 اپریل 2021کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں آپ نے مکمل طور پر جھوٹ اور بہتان پر مبنی مخاصمانہ بیانات دیئے۔ آپ نے الزام عائد کیا کہ ہمارے موکل ،وزیراعظم، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اور وزیر قانون نے آپ پر سپریم کورٹ کے قابل احترام جج کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے دبا وڈالا۔ آپ نے جھوٹا، من گھڑت اور بہتان پر مبنی الزام عائد کیا کہ ہمارے موکل قابل احترام جج کے خلاف تحقیقات کا آغاز کرنے کے لئے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)کا استعمال کرنا چاہتا ہے۔ قانونی نوٹس کے مطابق آپ نے شواہد اور حقائق کے بغیر ہمارے موکل کے دفتر میں منعقد ہونے والی ایک میٹنگ میں دبا وڈالنے کا الزام عائد کیا۔ جھوٹ پر مبنی بیان کی تصویر کشی کی کہ ہمارے موکل کا معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی کوئی ایجنڈا ہے۔

notice
notice2
notice3

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔