اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کے طور پر استعمال کیا گیا، ہمارا کوئی فیورٹ ہے اور نہ ہی کوئی دشمن، ہمارا مقصد جرم کی سرکوبی اور خاتمہ ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ کم سے کم وقت میں کیسز نمٹائیں۔
نیب کی جانب سے کرپشن کیسز کے متاثرین میں 4 ارب روپے مالیت کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا لاہور میں انعقاد کیا گیا، ایڈن ہاؤسنگ اسکینڈل کے 11 ہزار 809 متاثرین میں 3 ارب 60 کروڑ مالیت کی پہلی قسط تقسیم کی جارہی ہے جبکہ ہوم لینڈ ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز کے 58 متاثرین میں 29 کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے جائیں گے۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے چند سالوں میں کچھ ایسی جگہوں پر عمل دخل بڑھایا جس سے اس پر دھبہ لگا، اسے پولیٹیکل انجینئرنگ ٹول کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، عام تاثر یہ ہے کہ ہمارے ہاں کرپشن بڑھ رہی ہے، گلوبل انڈیکس میں بھی ہم تنزلی کا شکار ہیں، پہلے ہم اپنی اصلاح کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، نیب کی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، نیب افسران کم سے کم وقت میں کیسز نمٹائیں، نیب متاثرین کی مدد کیلئے پالیسی بنارہے ہیں، نیب کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کا مشن ہے، نچلے لیول کے نقائص دور ہوچکے اور بھی دور ہوں گے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ہمارا مقصد جرم کی سرکوبی اور خاتمہ ہے، اس کیلئے ہمارا کوئی فیورٹ ہے اور نہ ہی کوئی دشمن، ہم نے نیب کو عقوبت خانہ نہیں بنانا، جرم کا خاتمہ کرنا ہے ملزم کا نہیں، سزا اور جزا کا اختیار عدلیہ کا ہے، ہم پروفیشنل انداز میں کام کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کا کہنا ہے کہ مروجہ قوانین میں کوئی خامیاں ہیں تو انہیں دور کیا جائے، تمام قوانین کا جائزہ لے رہے ہیں، 3 ماہ میں از سر نو جائزہ لیں گے، کوشش ہوگی پروجیکشن کم اور نتائج زیادہ ہوں، نیب کو مکمل طور پر غیر سیاسی بناکر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ہاؤسنگ سیکٹر میں کسی کو دھوکہ دینا مشکل ہوگا، میری ترجیح ہے ہم کم وقت میں رقم واپس کریں، 2 ماہ میں شکایت کی تصدیق اور 6 ماہ میں تحقیقات کرنی ہے، ایک سے سوا سال میں مستحق کو رقم واپس کرنی ہے۔
