سسٹر سٹیٹ ایگریمنٹ مضبوط روابط استوار کرنے اور تجارتی حجم کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے: مسعود خان
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ٹیکساس اور پاکستانی صوبے کے درمیان سسٹر سٹیٹ معاہدہ دوطرفہ تجارت کی موجودہ صلاحیت کو بروئے کار لانے اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیک، آئل اور گیس اور دیگر شعبہ جات ہمیں مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے اور ہمارے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات امریکی ریاست ٹیکساس اسمبلی کے منتخب رکن سلمان بھوجانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جن کا انہوں نے واشنگٹن میں سفارتخانے میں استقبال کیا۔
انہوں نے سلمان بھوجانی کو ٹیکساس اسمبلی کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیوں اور خدمات پرپوری کمیونٹی کو فخر ہے۔
اپنی ترجیحات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سلمان بھوجانی نے کہا کہ مختلف کمیونٹیز کو یکجاء کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکساس میں رہنے والے تمام مسلمانوں اور پاکستانیوں کو اپنا حلقہ سمجھتے ہیں اور ان کے درمیان محبت اور ہمدردی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو بڑے مقاصد اور انسانیت کی خدمت کے لیے متحد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ریاستی اور وفاقی سطح پر پاک امریکی پارلیمنٹیرینز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ منتخب نمائندے پاکستانی نژاد امریکیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نیز وہ پاکستانی طلباء کو امریکہ کا دورہ کرنے میں بھی سہولت فراہم کر سکتے ہیں جہاں وہ جدید شعبوں میں امریکی مہارت سے سیکھ سکتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ کمیونٹی ایک بڑا اثاثہ ہے جو نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینے بلکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ٹیکساس کے ساتھ ممکنہ سسٹر سٹیٹ معاہدے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، سفیر پاکستان نے ریاست جارجیا اور صوبہ سندھ کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات کے حوالے سے ریاستی نمائندے فاروق مغل کی خدمات کو بھی سراہا۔
مسعود خان نے پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان تجارت، توانائی، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے ٹیکساس اسمبلی میں پیش کی جانے والی یوم پاکستان قرارداد پیش کرنے پر نمائندہ سلمان بھوجانی کی تعریف کی۔
نمائندہ بھوجانی نے کہا کہ وہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے قانون سازوں، کارپوریٹ ایگزیکٹوز، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد لے کر جائیں گے۔ ایک شوقین ہائیکر کے طور پر ان کا خیال ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات ایڈونچر اور ایکو ٹورازم کے لیے ایک مثالی مقام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے قدرتی حسن کو دیکھنے کے لیے پاکستان ٹیمیں لیکر جائیں گے۔
مسعود خان کا ریاست ٹیکساس کے ساتھ تجارت اور عوامی تعلقات بڑھانے پر زور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔