واشنگٹن :
امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ نوجوان اپنی کاروباری صلاحیتوں، آئی ٹی کی مہارت اور اختراعی صلاحیتوں کی بدولت ٹیک اور ٹریڈ کے نظام کے مضبوط بنیادیں استوار کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات میں نئی جہت لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پرفیشنلز اور بزنس لیڈرزکے درمیان باہمی تباد لوں اور نیٹ ورکنگ سے نہ صرف ہمارے دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
سفیر نے یہ بات پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نسل کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو اس وقت امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ پروفیشنل فیلوز پروگرام کے تحت امریکہ کے دورے پر ہیں۔
پروفیشنل فیلوز پروگرام کا دو طرفہ تبادلے کا پروگرام ہے جس کا مقصد باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ مہارتوں کو بڑھانا اور نوجوان پیشہ ور افراد اور بزنس لیڈرز کے درمیان طویل المدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔ پاکستان سے آنے والے شرکاء کی میزبانی اوکلاہوما یونیورسٹی کر رہی ہے ا اور ان کو متعلقہ شعبوں کے ہم منصبوں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
پاکستانی وفد میں احسن ضیا، سینئر پروگرام آفیسر انوویشن، لائیولی ہوڈ اینڈ پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ سرحد رورل سپورٹ پروگرام، خضر علی رضوی، بانی ممبر گلوبل شارپرز حب ایبٹ آباد، نتاشا محمود لیڈ ٹرینر ڈیمو، سیدہ نایاب ، سی ای او نایاب روگو، افراسیاب خان ڈائریکٹر کمیونٹی افئیرز انڈیگو نیکسٹ شامل تھے۔ اوکلاہوما یونیورسٹی سے کیتھی ایڈمز بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔
اپنے پیشہ ورانہ شعبہ جات اور نیٹ ورکنگ کے مواقع کے ضمن میں اپنے دورے کو انتہائی سود مند قرار دیتے ہوئے شرکاء نے امریکہ میں اپنے قیام اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ کام کے بارے میں اپنے تجربات سے سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔ اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے اس دورے کو سیکھنے کا بہترین تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے اوکلاہوما کی مہمان نوازی کو سراہا اور کہا کہ اس دورے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ شرکاء نے یہ بھی کہا کہ امریکی معاشرے اور اس کے نظام کی مضبوطی کا مشاہدہ کرنے کے بعد وہ پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں تاکہ لوگوں سے زیادہ لوگوں کے روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
اوکلاہوما یونیورسٹی سے کیتھی ایڈمز نے کہا کہ شرکاء کا طرز عمل اور کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے پاکستان کی دلکش خوبصورتی کو محسوس کرنے کے لئے ملک کا دورہ کرنے میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے ہم منصبوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیں تاکہ وہ پاکستانی معاشرے کے تنوع کے بارے میں تجربہ حاصل کر سکیں اور ملک میں موجود کاروبار کے وسیع مواقع تلاش کرسکیں۔
مسعود خان نے پاکستانی شرکاء کی میزبانی کرنے اور انہیں سیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرنے پر امریکی حکومت اور اوکلاہوما یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔
پاک امریکہ تعلقات بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑا تجارتی مقام ہے جس میں ٹیکسٹائل، کھیلوں اور چمڑے کے سامان، آلات جراحی اور آئی ٹی بڑی مصنوعات ہیں ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ سروسز اور آئی ٹی کا شعبہ مستقبل کے تجارتی تعلقات میں انتہائی اہم کردارادا کرے گا۔ پاکستان کی امریکہ کو آئی ٹی کی برآمدات گذشتہ سال تقریباً 1 بلین ڈالر تھیں۔
پاکستان کے نوجوان کاروباری حضرات پاک امریکہ تعلقات کو نئی شکل دے رہے ہیں: مسعود خان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔