ہومٹاپ سٹورینومئی واقعہ؛ دشمن جو سوچ بھی نہ سکا اپنوں نے وہ کام کیا، وزیراعظم

نومئی واقعہ؛ دشمن جو سوچ بھی نہ سکا اپنوں نے وہ کام کیا، وزیراعظم

پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مرتکب افراد اور ملک دشمن دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں، دشمن نے وہ کام نہ کیا جو اپنوں نے کیا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کوقانون وآئین کے مطابق سزا ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملے سے ہم سب دکھی ہیں، یہ وہ تاریخی عمارت ہے جس میں پاکستان بننے سے قبل ریڈیو کا نظام موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں، ریڈیو پاکستان پشاور نے ہی مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا، 9 اور 10 مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثے اور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں، یہاں جلا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دیا گیا، جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے ان میں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، آج عہد کرتے ہیں کہ آئندہ ایسی جرات کوئی نہ کر سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتا ہوں، فنڈز 48 گھنٹوں میں فراہم کر دئیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپریل اور مئی کی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں، 48 گھنٹوں میں وزارت اطلاعات کے ذریعے مئی کی تنخواہ مل جائے گی۔
تقریب میں وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی اور نگران وزیرِ اعلیٰ کے پی محمد اعظم خان بھی موجود تھے۔
مریم اورنگزیب
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت اور تاریخی آرکائیو کو جلا دیا گیا، ہمارے قیمتی اثاثے کو آگ لگائی گئی جس کا ازالہ ممکن نہیں،شرپسندوں اور مسلح جتھوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریڈیو پاکستان کے عملے نے مسلح جتھوں کو روکنے کی پوری کوشش کی، مسلح جتھوں کے پاس ڈنڈے اور پٹرول بم تھے، ریڈیو پاکستان کی عمارت کو بچاتے ہوئے ہمارے کئی لوگ زخمی ہوئے، یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر وہ اس جرم سے بری الذمہ ہو جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں۔ 9 مئی دوبارہ دوہرائی نہیں جا سکتی، مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔