ہومٹاپ سٹوریجی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب، آرمی چیف کی یادگار شہدا پر حاضری

جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب، آرمی چیف کی یادگار شہدا پر حاضری

راولپنڈی (سب نیوز) یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مرکزی تقریب جاری ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہیں جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود ہیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کیلئے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔

یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔