لاہور (سب نیوز)ریاستی عناصر کی جانب سے ملک کو بدترین لاقانونیت اور انتشار کی جانب دھکیلنے کی کوششیں ،پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کا اہم ترین اجلاس طلب، چیئرمین عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں حکومت کی جانب سے آئین سے انحراف اور سپریم کورٹ کے حکمنامے کو پیروں تلے روندنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں ملک بھر میں تحریک انصاف کے قائدین، کارکنان اور شہریوں کے بدترین غیرقانونی کریک ڈائون کا تجزیہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ریاستی عناصر کے ہاتھوں ماورائے قانون اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق، چادرو و چار دیواری کی پامالیوں کا جائزہ لیا جائے گا، قانون سے بدترین انحراف کو فروغ دیکر ملک میں لاقانونیت کو اندازِ حکمرانی بنائے جانے کیخلاف حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی، زیرحراست ہزاروں سیاسی قیدیوں کی صحت، سلامتی، ان سے روا رکھے جانے والے برتا اور ان کے قانونی حقوق کی کیفیت کا مفصل جائزہ لیا جائے گا، اسیران کو قانونی معاونت کی فراہمی اور انکی قیدِ ناروا سے رہائی کے انتظامات کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا
جھوٹ اور الزام تراشی کو ریاستی بیانیہ بنا کر عوام کو گمراہ کئے جانے کیخلاف بھرپور حکمت عملی پر بات ہوگی، پاکستان میں آئینی و سیاسی حقوق کو بے جا ریاستی قوت سے کچلنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی حکمت عملی طے کی جائے گی ،آئین کے تحفظ اور عدلیہ سے یکجہتی کی ملک گیر تحریک کے خدوخال نمایاں کئے جائیں گے ۔
